About website – ویب سائٹ کے متعلق

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

الصٰلوۃ السلام علیک یا سیدی یا رسول اللہ

واعلی الک واصحابک یا سیدی یا حبیب اللہ

خادمینِ دربار حضرت قبلہ میاں محمد عالمرح اس ویب سائٹ کو

 اللہ ربُ العزت کے محبوب رسول سرورِ کونین آقا و مولا سیدنا

 حضرت محمد صلی اللہ علیہ واٰلہ واصحابہ وسلم

 کے نام کرتے ہیں

جن  کے نور سے کائنات کا ہر ذرہ روشن ہے۔

————————————————————————————————

فقط نگاہ سے ہستی سنوار  دیتے ہیں

تُو  درِ  فقیر  پر  خود  کو  جُھکا  تو  سہی

اللہ ربُ العزت کا بے حد شکر ہے کہ اس نے اپنے محبوب نبی پاک احمدِ مجتبیٰ محمّد صلی اللہ علیہ واٰلہ واصحابہ وسلم کے صدقے ہمیں امتی ہونے کا شرف بخشا۔ بیحساب و بیشمار  درور و سلام ہو محبوب رسول محمدؐ پر، آپؐ  کی آل و اولاد، صحابہ کرامؓ، اولیاء اللہ، ملائکہ اور نیک لوگوں پر۔

اللہ مالکِ کون و مکاں جو سب کا ہادی و ناصر ہے، اُس ذات کا احسانمند ہوں جس نے مجھ جیسے بھٹکے ہوئے کو اپنے منتخب و برگزیدہ بندے، ولیٔ باصفا حضرت قبلہ میاں محمد عالمؒ کی چوکھٹ کا رستہ دکھایا۔

اللہ ربُ العزت کا بڑا احسان ہے کہ جس نے ہمیں یہ توفیق بخشی کہ ہم اپنے پیارے دادا جان ولیٔ کامل، رتبۂ عالی حضور قبلہ میاں محمد عالمؒ کی حیاتِ مبارکہ کے چند  پہلو اور افکار،  جناب صاحبزادہ سجادہ نشین میاں محمد اعجاز عالم مدظلہ عالی کی زیرِ قیادت، اس ویب سائٹ کے ذریعے سے عقیدتمندوں اور مریدین تک پہنچا سکیں۔ یہ ویب سائٹ، حضور قبلہ میاں محمد عالمؒ سے عقیدت و محبت کرنے والے حلقۂ یارانِ طریقت کے لیے بطور  تحفہ پیش کی جا رہی ہے۔

یہ میرے بزرگوں کی عنایت و نظرِ کرم ہے کہ اس عظیم کارِ خیر کے لیے اس بندۂ ناچیز کو منتخب کیا گیا اور اولیاء اللہ کی خدمت پر مامور فرمایا۔

اس ویب سائٹ  پر حضور قبلہ میاں محمد عالمؒ کی حیاتِ مبارکہ، آپؒ کی تعلیمات و تبرکات کے تذکرے کے ساتھ ساتھ  یہ بھی کوشش کی جاتی ہے کہ جتنی بھی ختمِ خواجگان و نعتیہ محفلوں کا انعقاد ہوتا ہے، انکو  قبلہ میاں صاحبؒ کے مریدین و عقیدتمند کہیں بھی، کسی بھی وقت، باآسانی رسائی حاصل کر سکیں۔

میں اپنے بزرگوں اور دوستوں، جنہوں نے اس ویب سائٹ کے لیے تعاون کیا ، بارگاہِ خداوندِ کریم میں صدقے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، اُن سب کیلئے بلندیٔ درجات، رزق، عمر و صحت میں برکت اور دونوں جہانوں کی بے شمار رحمتوں اور راحتوں کیلئے عرضِ دعا ہوں۔

جناب مظفر وارثیؒ نے راہِ طریقت کے بارے میں کچھ یوں فرمایا کہ:

یہ معرفت کے راستے ہیں اہلِ دل کے واسطے

جنیدیوں سے جا کے مل، غزالیوں میں بیٹھ جا

درود   پڑھ،  نماز   پڑھ ، عبادتوں  کے   راز   پڑھ

صفیں تو سب بچھی ہیں، عشق والیوں میں بیٹھ جا

التجا ہے ربِ کائنات سے کہ وہ اپنے نبیِ مرسل سیدُ البَشر حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے ہمیں عشقِ مصطفیٰ سے سرشار فرمائے اور اِن اولیاء اللہ اور صوفیہ کرام کے طفیل ہماری رہنمائی فرماۓ اور ہمیں ان بزرگوں کا فیض عطا کرے۔ آمین ثم آمین یا ربُ العٰلمین!

صاحبزادہ اسد علی نقشبندی

دربار حضرت قبلہ میاں محمد عالمؒ